اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں کو دشمن کے 6 جنگی طیارے تباہ کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم فتح نے ایم ایم عالم اور سیسل چوہدری جیسے قومی ہیروز کی یاد تازہ کر دی ہے۔
وزیراعظم نے شاہینوں سے اپنے جذباتی خطاب کا آغاز سورہ فیل کی تلاوت سے کیا، اور کہا کہ جنگ کے لمحات میں پوری قوم، خصوصاً مائیں اور بزرگ، سجدہ ریز ہو کر کامیابی کی دعائیں کر رہے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دشمن نے جدید اسلحہ پر کھربوں روپے خرچ کیے لیکن پاک فضائیہ نے صرف چند گھنٹوں میں ایسا جواب دیا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا:"یہ کوئی معمولی کامیابی نہیں، افواج پاکستان نے چند گھنٹوں میں تاریخ رقم کی ہے۔"
وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ 10 مئی کا دن دشمن کے غرور اور نام نہاد تھانیداری کے خواب کو چکنا چور کر گیا۔
"اس روز پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے صرف طاقت سے نہیں، تکنیکی مہارت سے جنگ جیتی۔"
انہوں نے مزید کہا:
"دشمن نے خطے میں بالا دستی کا دعویٰ کیا تھا، لیکن ہمارے جانبازوں نے اسے بتا دیا کہ پاکستان کی خودداری اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔"
وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی عسکری صلاحیت، قومی یکجہتی اور قربانیوں کی روشن مثال ہے جو دوست اور دشمن دونوں کے لیے سبق بن چکی ہے۔