اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے دی اکانومسٹ کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے سیاسی اور حکومتی فیصلے ملکی مفاد کی بنیاد پر نہیں بلکہ روحانیت کے لبادے کے تحت بشریٰ بی بی کے احکامات پر کیے جاتے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی اکثر سیاسی فیصلوں پر اثر انداز ہوتی اور ان پر عملدرآمد کرواتی تھیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف پر جھوٹا الزام لگایا، اور پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ، منافقت اور بہتان کے سوا کچھ نہیں۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ 2017 کے دھرنوں میں بھی پی ٹی آئی نے جھوٹے الزامات لگائے، جبکہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کی کارکردگی صفر رہی۔
وفاقی وزیر نے وانا میں پاک فوج کی کامیابی کو بھی سراہا، جہاں کیڈٹ کالج پر حملہ روک کر 500 سے زائد طلبا کو محفوظ ریسکیو کیا گیا۔ انہوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے کو جاری رکھنے پر بھی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی ہے اور ہر دہشت گرد کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ملک آئین اور قانون کے تحت چل رہا ہے اور کسی کی پسند و ناپسند کے تحت فیصلے نہیں کیے جائیں گے۔