اسلام آباد: اردن کے فرمانروا شاہ عبد اللہ دوم پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کا استقبال صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر خوش آمدید کہہ کر کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر شاہ عبد اللہ پاکستان کا یہ دورہ کر رہے ہیں، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے برسوں پر محیط برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
شاہ عبد اللہ ایئرپورٹ سے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دورے کے دوران وہ صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے اور ایوان صدر میں انہیں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ پاکستان،اردن تعلقات کی سٹریٹجک سمت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔