راولپنڈی: اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم، جو سپریم کمانڈر آف جارڈن آرمڈ فورسز بھی ہیں، نے پاکستان کے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS) کا دورہ کیا۔ شاہ عبداللہ دوم کے ہمراہ شہزادی سلمیٰ اور اعلیٰ سول و عسکری وفد بھی موجود تھا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شاہی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور اردن کے درمیان دفاعی شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو شاہ عبداللہ دوم کی جانب سے Order of the Military Merit (First Degree) کا اعزاز بھی دیا گیا۔ مہمانوں کو دفاعی پیداوار، جدید ٹیکنالوجی اور GIDS کی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شاہی مہمانوں نے پاکستان کے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا بھی دورہ کیا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران مشترکہ فائر پاور اور مینوور ایکسرسائز، کثیرالجہتی آپریشنز، کنوینشنل فائر پاور اور سپیکٹرم وارفیئر کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔
شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان کی مسلح افواج کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اردن کے بادشاہ اور اردن کے عوام کے لیے پاکستان کے گہرے احترام اور محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی، اعتماد اور خطے میں امن کی مشترکہ سوچ کا مظہر ہے۔