راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مملکت اردن کا سرکاری دورہ کیا اور اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ دوم بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستانی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی سے عمان میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی، جہاں انہیں آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں افواج کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور میجر جنرل یوسف الحنیطی نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔