راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں مقیم پاکستانی تارکین وطن سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور بڑی تعداد میں ان سے ملاقات کے لیے جمع ہوئے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور بہادری کو سراہا۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا حقیقی سفیر قرار دیا اور ان کی جانب سے ترسیلات زر، سرمایہ کاری، معیشت اور پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ میں کردار کو قابلِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران تارکینِ وطن نے آرمی چیف کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز بھی شیئر کیں۔ جنرل عاصم منیر نے مسلسل رابطے اور تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ باہمی چیلنجز کا مقابلہ مل کر کیا جائے گا۔
یہ ملاقات ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ ختم ہوئی، جس میں دونوں جانب سے ایک محفوظ، مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔