Get Alerts

پاکستان اور دنیا بھر میں سفید چھڑی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

پاکستان اور دنیا بھر میں سفید چھڑی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

لاہور : آج 15 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں سفید چھڑی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام ہر سال یہ دن نابینا افراد کے حقوق اور ان کی مشکلات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دن کا آغاز 1964 میں ہوا تھا جب اقوام متحدہ نے سفید چھڑی کو نابینا افراد کے لیے ایک علامت کے طور پر منتخب کیا۔ اس کے بعد سے ہر سال مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تنظیمیں سیمینارز، آگاہی پروگرامز اور ریلیوں کا اہتمام کرتی ہیں تاکہ اس دن کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔

سفید چھڑی کا عالمی دن منانے کا مقصد نابینا افراد کو درپیش مسائل اور چیلنجز کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے، تاکہ لوگوں کو یہ سمجھایا جا سکے کہ بصارت سے محروم افراد بھی تھوڑی سی مدد اور توجہ کے ساتھ مفید اور ذمہ دار شہری بن سکتے ہیں۔ سفید چھڑی، جو نابینا افراد کی پہچان بن چکی ہے، ان کی بے بسی اور محتاجی کی علامت ہے۔ اس دن کا مقصد معاشرے میں اس بات کو فروغ دینا ہے کہ لوگ ان افراد کی مدد کریں، انہیں راستہ دکھائیں اور انہیں آگے گزرنے کا موقع دیں۔

دنیا بھر میں اس وقت نابینا افراد کی تعداد تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ کے قریب ہے، اور 2050 تک یہ تعداد تین گنا بڑھ کر 11 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ جنوبی ایشیا میں اس وقت ایک کروڑ 17 لاکھ افراد آنکھوں کے مختلف مسائل کا شکار ہیں، جب کہ مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا میں بھی یہ تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستان میں تقریباً 20 لاکھ افراد مکمل طور پر نابینا ہیں، جب کہ جزوی طور پر نابینا افراد کی تعداد تقریباً 60 لاکھ ہے۔ پاکستان میں ذیابیطس کی شرح بھی 17 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو نابینا پن کی ایک بڑی وجہ ہے۔

پاکستان میں نابینا افراد کے لیے مناسب ادارے یا سہولتیں بہت کم ہیں۔ ان افراد کو روزمرہ کے کاموں کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم، کچھ نجی ادارے ان افراد کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس دن کے موقع پر دنیا بھر میں نابینا افراد کے معاشرتی مسائل اور ان کے حقوق پر بات کی جاتی ہے تاکہ ان کی زندگی میں آنے والی مشکلات اور ان کے حل کے لیے سنجیدگی سے سوچا جا سکے۔

نابینا افراد کے لیے تعلیم، روزگار، اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا انتہائی ضروری ہیں۔ ان کی معاشرتی شمولیت، ان کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کی اجتماعی تشہیر بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ سفید چھڑی کے عالمی دن پر ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ نابینا افراد کی مدد کرنا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

ٹیگز: