Get Alerts

26نومبر احتجاج کیس: علیمہ خان کے خلاف فرد جرم کی کارروائی اور مقدمہ چیلنج، وارنٹ گرفتاری منسوخ

26نومبر احتجاج کیس: علیمہ خان کے خلاف فرد جرم کی کارروائی اور مقدمہ چیلنج، وارنٹ گرفتاری منسوخ

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے 26 نومبر احتجاج کیس میں فرد جرم کی کارروائی اور مقدمہ کو چیلنج کر دیا، جس پر عدالت نے فرد جرم کی کارروائی مؤخر کر دی۔

علیمہ خان نے عدالت کے دائرہ اختیار کو بھی چیلنج کیا، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ان کے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

درخواست میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان پر الزام یہ ہے کہ انہوں نے احتجاج کے دوران عمران خان تک پیغام پہنچایا تھا، نہ کہ کسی احتجاج میں حصہ لیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین ہر شہری کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی اجازت دیتا ہے اور اگر پیغام پہنچانا دہشت گردی کی تعریف میں آتا ہے تو پھر میڈیا نے بھی یہی پیغام پورے ملک تک پہنچایا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان نے صرف عمران خان کا پیغام میڈیا کے دس پندرہ افراد کو بتایا، جسے میڈیا نے پورے ملک تک پھیلایا۔ لہٰذا اگر یہ جرم ہے تو پھر میڈیا بھی قصوروار ہو گا۔ علیمہ خان نے عدالت سے درخواست کی کہ دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کو مقدمے سے خارج کیا جائے اور مقدمہ کو غیر قانونی قرار دے کر مسترد کیا جائے۔

عدالت نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سرکار اور پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کر دیے۔ اس کے علاوہ، علیمہ خان اور دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی بھی مؤخر کر دی گئی۔

عدالتی کارروائی کے بعد علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان کچہری سے اڈیالہ جیل روانہ ہو گئیں۔

ٹیگز: