اسلام آباد : انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کو کراچی کمپنی تھانے میں درج مقدمے کی سماعت کے بعد سابق صدر عارف علوی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مجموعی طور پر 50 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے 41 رہنماؤں کے وارنٹ آج جاری کیے جبکہ 9 رہنماؤں کے وارنٹ پہلے ہی جاری تھے۔ وارنٹ گرفتاری مقدمہ نمبر 1193 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔ اس فہرست میں عارف علوی، عبدالقیوم نیازی، شبلی فراز، فیصل جاوید، سلمان اکرم راجا، رؤف حسن، مراد سعید، احمد نیازی کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، حماد اظہر، عاطف خان، شعیب شاہین، اعظم خان سواتی، عمر ایوب، صاحبزاہ حامد رضا، علیمہ خانم، شیخ وقاص اکرم، کنول شوزب، شاندانہ گلزار اور شیرافضل مروت شامل ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزمان کی پیشی نہ ہونے پر وارنٹ جاری کیے اور حکم دیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
خیال رہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں 24 اور 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں 32 مقدمات درج ہیں، جن میں بشریٰ بی بی بھی تھانہ ٹیکسلا میں قتل کیس میں نامزد ہیں۔