چمن: پاک فوج نے چمن کے علاقے سپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے آج علی الصبح تین مختلف مقامات پر حملہ کیا، تاہم پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی محصر جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج دہشت گرد دیہاتوں اور معصوم شہریوں کو اپنے حملوں کے دوران ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جس سے علاقے میں مزید بے چینی اور خوف کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔ اس حملے میں 15 سے 20 افغان طالبان کے دہشت گرد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی طرف سے اڑا دیا، جو دونوں ممالک کے مابین تجارت اور مقامی آمدورفت کا اہم دروازہ ہے۔ اس حملے کا مقصد واضح طور پر دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو تناؤ کا شکار کرنا اور خطے کی تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کرنا تھا۔
اس کے علاوہ، گزشتہ رات پاک فوج نے کرم سیکٹر پر بھی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملے کو ناکام بنایا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان کی 8 پوسٹیں اور 6 ٹینک تباہ کیے گئے، جب کہ کئی دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے اور امریکی ساختہ اسلحہ قبضے میں لیا گیا۔
اس وقت کرم سیکٹر میں خاموشی ہے، تاہم اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ اسپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مزید اجتماع کی تیاری ہو رہی ہے۔