کیا کی نئی ایس یو وی ’سٹونک‘ اگلے ماہ کے آخر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ، قیمت کیا ہو گی؟

کیا کی نئی ایس یو وی ’سٹونک‘ اگلے ماہ کے آخر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ، قیمت کیا ہو گی؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: لکی موٹرز کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی نئی ایس یو وی گاڑی ’کیا سٹونک‘ اگلے ماہ کے آخر میں متعارف کرائے گی مگر پاکستانی روپے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کے باعث اس گاڑی کی قیمت بتانے سے گریز کیا جا رہا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس گاڑی کی قیمت 28 لاکھ روپے سے 33 لاکھ روپے کے درمیان ہو گی۔ 
لکی موٹرز کمپنی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کے حوالے سے بے یقینی کی صورتحال کے باعث کمپنی ’کیا سٹونک‘ کی قیمت کے حوالے سے کسی بھی طرح کی کوئی پیش گوئی نہیں کرنا چاہتی، گزشتہ 4 مہینوں میں ڈالر کی قیمت میں 16 روپے تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ گزشتہ روز پاکستان میں ڈالر کی قیمت 168.94 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچی۔ 
 پاکستان کی آٹو انڈسٹری بالخصوص ’کیا‘ جیسی کمپنیاں درآمد شدہ کاروں کے پرزوں پر بہت زیادہ انحصار کر رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کیساتھ ہی ان کی پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے، پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب کچھ کاریں 70فیصد درآمد شدہ پرزوں سے بنی ہوتی ہیں، جنہیں سی ڈی کیز (مکمل طور پر ناکڈ ڈاون یونٹس) کہا جاتا ہے اور انہیں بھی ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا اثر برداشت کرنا پڑتا ہے۔ 
 آٹو سیکٹر کے ماہر عثمان انصاری کا کہنا ہے کہ ایس یو وی کیا سٹونک کی قیمت 28لاکھ سے 33 لاکھ روپے تک ہونے کی توقع ہے تاکہ ہونڈا سٹی، ٹویوٹا یارس، چنگن ایلسوین اور پروٹون ساگا کے سیڈان کار سیگمنٹ سے اس کے مقابلے کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے اور مذکورہ گاڑیوں کے سیگمنٹ کا خریدار ان کی گاڑی خریدنے کے بارے میں بھی سوچے۔ 
سٹونک گاڑی کے ہزار سی سی، 1200 سی سی اور 1400 سی سی والے سائز میں پیٹرول انجن جبکہ 1600 سی سی کے سائز میں ڈیزل انجن کا آپشن دیا گیا ہے۔کیا لکی کمپنی سٹونک کار کے علاوہ رواں سال دسمبر میں پوجاؤ گاڑی 2008 کا ماڈل (پیوجیوٹ) بھی متعارف کروائے گی۔ 
یہ فرانسیسی پی ایس اے گروپ کی تیار کردہ کار ہے جس میں 1200 سی سی اور 1600 سی سی سائز کے پیٹرول انجن اور 1400 سی سی اور 1600 سی سی میں ڈیزل انجن کی مختلف اقسام ہیں جبکہ توقع ہے کہ دونوں پیٹرول انجن گاڑیوں کی اقسام متعارف کروائی جائیں گی۔
پوجاؤ  2008 کی قیمت 36لاکھ سے 41لاکھ روپے کے درمیان ہو سکتی ہے اور کمپنی نہیں چاہتی کہ اس کی اپنی کاریں خاص طور پر قیمت کے اعتبار سے آپس میں مقابلہ کریں۔ مختلف رپورٹس کے مطابق 2000 سی سی ’کیا سپورٹیج‘ کمپنی کی پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کار ہے اور یہ گاڑی پاکستان کی پہلی کراس اوور ایس یو وی رہ چکی ہے۔