اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج قطر کے دارالحکومت دوحہ روانہ ہوں گے جہاں وہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس کا مقصد فلسطین کی صورتحال اور اسرائیلی فضائی حملوں کے حوالے سے مشترکہ اسلامی موقف اپنانا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اہم اجلاس پاکستان کے تعاون سے طلب کیا گیا ہے، جس میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار گزشتہ روز وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 11 ستمبر کو قطر کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔