Get Alerts

دوحہ میں عرب اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف قطر روانہ

دوحہ میں عرب اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف قطر روانہ

دوحہ/اسلام آباد: اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر جاری فضائی حملوں کے پیش نظر عرب اور اسلامی ممالک کا ہنگامی سربراہی اجلاس آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر روانہ ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور عرب لیگ کے رکن ممالک کی قیادت کی شرکت سے ہو رہا ہے، جس میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال، اسرائیلی جارحیت اور علاقائی امن و سلامتی کے امور پر غور کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس کی تیاری کے لیے وزرائے خارجہ کی سطح پر اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔ اس موقع پر پاکستان نے اسلامی ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس بنانے کی تجویز بھی پیش کی، تاکہ اسرائیلی حملوں کے خلاف مربوط اور موثر ردعمل دیا جا سکے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان برادر ملک قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور قطر سمیت دیگر مسلم ممالک پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 11 ستمبر کو دوحہ کا دورہ بھی کیا تھا، جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات میں یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان نے دوست ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی بلایا تھا، جس میں قطر پر حملوں کی مذمت کی گئی تھی۔

یہ اجلاس اس بات کی علامت ہے کہ مسلم دنیا اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک متحد مؤقف اپنانے کی کوشش کر رہی ہے، جس میں پاکستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

ٹیگز: