اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغامات میں ملک میں جمہوری اقدار، اداروں اور اصولوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ جمہوریت صرف ایک نظام نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جو شہریوں کو بااختیار بناتا ہے، آزادیِ اظہار، انصاف، اور مساوات کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے 1973ء کے آئین کو پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی قرار دیا جو ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔ صدر نے یہ بھی یاد دلایا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قربانیوں نے جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آج اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے، مؤثر اصلاحات لانے، اور تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی طور پر کام کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز اور ان کی نظام میں شمولیت کا نام ہے۔ انہوں نے بھی 1973ء کے آئین کو جمہوری نظام کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آئین شہریوں کے بنیادی حقوق، برابری، خواتین اور اقلیتوں کی شمولیت اور آزادی کو مکمل تحفظ دیتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جمہوری اصولوں کی پیروی ضروری ہے اور پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے جمہوری اصولوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ عوام، ادارے اور حکومت مل کر جمہوری روایات کے تحفظ اور ایک ترقی یافتہ، باوقار پاکستان کی تعمیر کیلئے کام کرتے رہیں گے۔