لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے مبینہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر سخت احتجاج کرتے ہوئے انہیں ہٹانے تک پاکستان کی جانب سے مزید میچز نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی نے اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے، جس میں اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف سخت مؤقف اپنایا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا کہ ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہ ملایا جائے، جو کہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اس واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک بھارت میچ میں اسپورٹس مین شپ کا فقدان مایوس کن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھیل میں سیاست گھسانا کھیل کی روح کے خلاف ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ آئندہ فتوحات تمام ٹیمیں وقار، عزت اور خوش اخلاقی کے ساتھ منائیں گی تاکہ کھیل کی اصل روح برقرار رہے۔