کراچی: سندھ اسمبلی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عائد لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر مبنی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، جبکہ منشیات کی فروخت سے متعلق تحریکِ التوا مسترد کردی گئی۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور اس کے عوام پر پڑنے والے اثرات پر ارکان نے اظہارِ تشویش کیا۔ ایوان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور لیوی کا خاتمہ کیا جائے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کا حصہ ہے، اسے چاہیے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم سے احتجاج کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوامی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے۔
وقفۂ سوالات کے دوران محکمہ ترقیِ نسواں کی کارکردگی سے متعلق بھی ارکان کو بریفنگ دی گئی۔ خواتین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور محکمہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلات ایوان میں پیش کی گئیں۔
دوسری جانب منشیات کی فروخت سے متعلق تحریکِ التوا ایوان میں پیش کی گئی، تاہم اسے مسترد کردیا گیا۔