دوحہ/اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اپنے سرکاری دورے پر آج قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچیں گے۔ اس دورے کا محور دوطرفہ اقتصادی تعاون کی مضبوطی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر مشاورت ہے۔
دوحہ میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آلثانی سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں پاک-قطر تعلقات، توانائی کے شعبے میں تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔قطر روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا اہم دورہ کیا، جس کا اعلامیہ سعودی خبر رساں ادارے (SPA) نے جاری کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور امریکہ و ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی ولی عہد نے خطے میں امن و استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے متحرک کردار کو سراہا۔
سعودی ولی عہد نے یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ ماہرین وزیراعظم کے ان پے در پے دوروں کو پاکستان کی فعال خارجہ پالیسی اور خلیجی ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے معاشی و اسٹریٹجک روابط کا عکاس قرار دے رہے ہیں۔