واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مثبت گفتگو ہوئی، جس کے بعد دونوں فریقین نے شام 5 بجے (ایسٹرن ٹائم) سے جنگ بندی شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے نمائندوں کی کئی دہائیوں بعد واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات ہوئی، جس میں امریکی حکام بھی شریک تھے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکی نائب صدر، وزیر خارجہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ مل کر مستقل امن کے لیے کوششیں کریں۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ پہلے بھی متعدد عالمی تنازعات کے حل میں کردار ادا کر چکے ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی خطے میں دیرپا امن کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔