Get Alerts

ایران سے معاہدہ ہوا تو اسلام آباد کا دورہ کروں گا: ٹرمپ

ایران سے معاہدہ ہوا تو اسلام آباد کا دورہ کروں گا: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ اگلی ملاقات آئندہ ہفتے کے آخر میں متوقع ہے اور پیش رفت کو دیکھتے ہوئے معاہدے کے امکانات روشن ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور اب وہ ایسے اقدامات پر آمادہ ہے جن سے وہ پہلے گریز کرتا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے گا۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے معاملے میں پاکستان نے بہت مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا تو وہ اسلام آباد کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہو سکا تو دوبارہ جنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی مؤثر انداز میں جاری ہے اور ایران بھی اس بات پر متفق ہے کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔

ٹرمپ کے مطابق ایران نے نیوکلیئر مواد واپس کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ ممکنہ معاہدے کی صورت میں تیل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے لیے لبنانی حکومت حزب اللہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور اس عمل میں حزب اللہ بھی شامل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جلد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون سے ملاقات کریں گے، تاہم اس کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔

ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ پوپ لیو سے ملاقات ضروری نہیں، تاہم یہ اہم ہے کہ عالمی مذہبی قیادت ایران کے حوالے سے خدشات کو سمجھے، اور اختلاف رائے رکھنا ان کا حق ہے۔
 
 
 

ٹیگز: