Get Alerts

خیبرپختونخوا: طوفانی بارشوں اور بادل پھٹنے سے ہلاکتیں 320 سے زائد ہوگئیں

خیبرپختونخوا: طوفانی بارشوں اور بادل پھٹنے سے ہلاکتیں 320 سے زائد ہوگئیں

پشاور: خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد شدید سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی، جہاں مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 320 سے زائدہوگئی ہے۔  (PDMA) کے مطابق، متاثرہ افراد میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے ہیں۔

سب سے زیادہ تباہی ضلع بونیر میں دیکھنے میں آئی، جہاں اب تک 184 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں شانگلہ (36)، مانسہرہ (23)، سوات (22)، باجوڑ (21)، بٹگرام (15) اور دیر (5) شامل ہیں۔

جانی و مالی نقصان

PDMA کے مطابق، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران:

307 افراد جاں بحق

23 افراد زخمی (جن میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں)

74 مکانات کو نقصان، جن میں 11 مکمل تباہ اور 63 کو جزوی نقصان پہنچا

PDMA کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متحرک ہیں۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے، اور شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے متاثرہ علاقوں کے لیے ہنگامی امدادی فنڈز جاری کر دیے ہیں اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ سیاحتی مقامات پر سڑکوں کی بحالی اور راستوں کی صفائی کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے مطابق، علاقے سے اب تک 185 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ چغرزئی کے علاقے میں 30 افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ حتمی اعداد و شمار آج جاری کیے جائیں گے۔

PDMA نے پیش گوئی کی ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: