اسلام آباد: سابق کپتان شاہد آفریدی کا پالتو کتا میکس اسلام آباد سے لاپتہ ہوگیا، جس کے بعد انہوں نے مداحوں اور شہریوں سے اسے تلاش کرنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے پالتو کتے کے گم ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ میکس ان کے خاندان کے لیے محض ایک پالتو جانور نہیں بلکہ گھر کے ایک فرد کی حیثیت رکھتا ہے۔
سابق کپتان کے مطابق میکس جب ان کی زندگی میں آیا تو اس کی عمر صرف 30 سے 35 دن تھی۔ کم عمری میں شدید بیماری کے باعث اسے ہسپتال میں داخل بھی کرایا گیا، جہاں اس نے زندگی کی جنگ لڑی اور صحت یاب ہونے کے بعد اسے گھر میں بھرپور محبت اور توجہ کے ساتھ پالا گیا۔
شاہد آفریدی نے بتایا کہ میکس اب لاپتہ ہے اور اس کی گمشدگی نے اہلخانہ کو پریشان کر دیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ اگر کسی کو میکس نظر آئے یا اس کے بارے میں کوئی معلومات حاصل ہوں تو اسے محفوظ مقام پر رکھیں، اس کا خیال رکھیں اور فوری طور پر اہلخانہ کو اطلاع دیں تاکہ وہ بحفاظت گھر واپس پہنچ سکے۔
انہوں نے میکس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے صارفین سے اپیل کی کہ اسے زیادہ سے زیادہ آگے پہنچایا جائے تاکہ تلاش میں مدد مل سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کا پالتو کتا بھی لاپتہ ہوگیا تھا۔ اسے تلاش کرنے میں مدد دینے والے شخص کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد کتے کو تلاش کرلیا گیا تھا۔