اسلام آباد : سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والا پالتو کتا میکس بالآخر تلاش کرلیا گیا۔ میکس کی واپسی پر شاہد آفریدی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسے تلاش کرنے میں مدد کی۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ میکس مل گیا ہے اور بالکل محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میکس کی گمشدگی سے متعلق پوسٹ کو زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے، لائیک کرنے اور اس پر تبصرہ کرنے والے ہر شخص کے وہ شکر گزار ہیں، کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر میکس کو تلاش کرنا مشکل تھا۔
اس سے قبل شاہد آفریدی نے میکس کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ جب میکس ان کی زندگی کا حصہ بنا تو وہ صرف 30 سے 35 دن کا ننھا سا پپی تھا۔ خاندان نے اسے شروع ہی سے گھر کے ایک فرد کی طرح محبت، توجہ اور نگہداشت فراہم کی۔
میکس کے گم ہونے کے بعد شاہد آفریدی کی جانب سے اسے تلاش کرنے کی اپیل سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلی، جس کے بعد متعدد افراد نے پوسٹ کو شیئر کرکے تلاش میں اپنا کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم کا پالتو کتا بھی کراچی میں گم ہوگیا تھا۔ اسے تلاش کرنے والے شخص کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بعد میں کتا بھی تلاش کرلیا گیا تھا۔