کازان: روس کے شہر کازان میں ہونے والے فور نیشن انویٹیشن ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سینئر وائٹ ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع کردیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اگست 2026 سے شروع ہوا، جس کا مقصد روس میں ہونے والے اہم ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔
کیمپ کے دوران قومی کھلاڑیوں کی تربیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کی ذمہ داری اولمپین کامران اشرف اور اولمپین مدثر علی خان کو سونپی گئی ہے، جو بطور کوچز ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔
پی ایچ ایف کے مطابق تربیتی کیمپ کے ذریعے کھلاڑیوں کی فٹنس، کھیل کی حکمت عملی اور مجموعی کارکردگی پر توجہ دی جائے گی، جبکہ اسی دوران ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کے حتمی سکواڈ کے انتخاب کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فور نیشن انویٹیشن ہاکی ٹورنامنٹ روس کے شہر کازان میں 27 اگست سے یکم ستمبر 2026 تک کھیلا جائے گا، جس میں قومی ٹیم اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔