گھوٹکی: گڈو کشمور لنک روڈ سے اغوا کیے گئے مسافروں کے معاملے میں پولیس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11 مغوی مسافروں کو بازیاب کرا لیا ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کے مطابق یہ کارروائی سون میانی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے بعد عمل میں آئی۔ شدید دھند کے باوجود پولیس کی بھاری نفری، بکتر بند گاڑیوں، جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون حملوں کے ذریعے آپریشن جاری ہے، جس میں ڈی آئی جی سکھر سمیت چار ایس ایس پیز نگرانی کر رہے ہیں۔
بازیاب کرائے گئے مسافروں میں سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اوباڑو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ تمام مغویوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور دیگر مغویوں کی بازیابی اور اغوا کاروں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔