Get Alerts

باجوڑ میں انسداد پولیو ٹیم پر د حملہ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق

باجوڑ میں انسداد پولیو ٹیم پر د حملہ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق

باجوڑ: خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے تنگی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق انسداد پولیو ٹیم علاقے میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف تھی کہ نامعلوم شرپسندوں نے اچانک فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار اور ایک راہگیر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو جیسی قومی مہم میں مصروف اہلکاروں پر حملہ ناقابلِ برداشت ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔

ٹیگز: