کراچی کنگز کا ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف

کراچی کنگز کا ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 23 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف دیا ہے۔ کراچی کنگز کے جو کلارک 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔ جو کلارک نے 29 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے جبکہ شرجیل خان نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں بابراعظم 2، قاسم اکرم 13، روحیل نذیر 21 اور محمد نبی نے 21 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے تمام باﺅلرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم شاہنواز دھانی 2 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جبکہ رومان رئیس، بلیسنگ موزارابانی، عمران طاہر اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، عامر عظمت، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، آصف آفریدی، رومان رئیس، عمران طاہر، بلیسنگ موزارابانی اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔ 
کراچی کنگز کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، جو کلارک، جورڈن تھامپسن، محمد نبی، روحیل نذیر، قاسم اکرم، عماد وسیم، کرس جورڈن، عمید آصف اور میر حمزہ شامل ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں