کراچی : سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی پولیس نے کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 3 انتہائی مطلوب سہولت کار دہشتگرد گرفتار کرلیے۔
رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں یاسر عرفات، خدا بخش اور زاہد حسین عرف بارکزئی شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 5 کلو بارودی مواد، 10 میٹر پرائما کارڈ، 3 عدد ڈیٹونیٹرز، 1 کلو بال بیرنگ اور انتہا پسندی پر مبنی لٹریچر کے 250 بکس برآمد کرلیے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ یہ ملزمان کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو کالعدم تنظیم میں شامل کرنے کے لیے ذہن سازی کرتے تھے اور ان کی جانب سے دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے مواد فراہم کیا جا رہا تھا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ حکام نے یہ بھی کہا کہ ملزمان کراچی کے حساس مقامات پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے بارودی مواد اپنے خفیہ ٹھکانے پر چھپائے ہوئے تھے۔