Get Alerts

شاہد آفریدی کا بابر، شاہین اور شاداب کو ٹیم سے باہر بٹھانے کا مطالبہ

شاہد آفریدی کا بابر، شاہین اور شاداب کو ٹیم سے باہر بٹھانے کا مطالبہ

کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کھلاڑیوں پر تنقید کی ہے اور کہا کہ بابر، شاہین اور شاداب کو باہر بٹھا کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے۔

شاہد آفریدی نے بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس میچ میں بہت غلطیاں کیں اور بھارت جیت کا حق دار تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان سلمان علی آغا کے فیصلے بھی سمجھ سے باہر تھے، خاص طور پر عثمان طارق کو 10 اوورز تک چھپائے رکھنا ایک بڑی غلطی تھی۔

سابق کپتان نے شاہین آفریدی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ شاہین نے اچھی بولنگ نہیں کی۔ پہلے اوور میں رنز دینے کے باوجود اسے آخری اوور دینے کی غلطی کی گئی، جبکہ فہیم اشرف کو موقع دیا جا سکتا تھا۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ اگر میرے ہاتھ میں فیصلہ ہوتا تو میں بابر، شاداب خان اور شاہین آفریدی کو ٹیم سے باہر بٹھا کر نئے لڑکوں کو موقع دیتا۔ انہوں نے کہا کہ سینیئر کھلاڑی طویل عرصے سے کھیل رہے ہیں، اور جب ہم ان سے بڑی ٹیموں کے خلاف اچھی پرفارمنس کی امید کرتے ہیں تو وہ جواب نہیں دے پاتے۔ اس لیے نمیبیا کے خلاف اگلے میچ میں نئے کھلاڑیوں کو چانس دینا چاہیے۔

یاد رہے کہ بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 175 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ٹیگز: