ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو ہوگی، جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک دورے کی وجہ سے اس اہم تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ تاہم، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بنگلہ دیش کے وزیراعظم کی حلف برداری میں شرکت کے لیے ڈھاکہ روانہ ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر وہ بنگلہ دیش کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور سیاسی، معاشی اور اقتصادی شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں ہموار کرنے کے لیے پُرامید ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی پیشرفت کے روشن امکانات ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جلد بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے اور نو منتخب وزیراعظم طارق رحمان کو مبارکباد پیش کریں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے چین، سعودی عرب، بھارت، ترکی، یو اے ای، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا اور نیپال سمیت مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن بنگلہ دیش کے مطابق، 299 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بی این پی نے 209 نشستیں لے کر واضح برتری حاصل کی ہے، جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ طلبہ کی جماعت این سی پی نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔