کتے بلیوں سے انوکھا اظہارِ محبت

: ترکی میں سردی کی شدید لہر جاری ہے اور صرف استنبول میں 65 سینٹی میٹر تک برف گرچکی ہے

کتے بلیوں سے انوکھا اظہارِ محبت

استنبول: ترکی میں سردی کی شدید لہر جاری ہے اور صرف استنبول میں 65 سینٹی میٹر تک برف گرچکی ہے۔ اس موسمیاتی شدت سے سینکڑوں فلائٹس کینسل ہوچکی ہیں لیکن ترکی کے رحم دل افراد شہر کے آوارہ کتوں اور بلیوں کو مناسب پناہ اور خوراک دینے میں کوشاں ہیں۔

ایک مقامی تاجر سلجوک بائل نے اپنی چھوٹی سی دکان میں کتے اور بلیوں کے لیے پناہ گاہ بنائی ہے تاکہ وہ سردیوں میں محفوظ رہ سکیں۔ لیکن اس دوکان میں آنے والے گاہک جانوروں کو دیکھ کر ناگواری ظاہر کرتے ہیں جس کے بعد سلجوک نے دکان کے باہر لکھ دیا ہے کہ اگر آپ کو بلیوں سے الجھن ہوتی ہے تو اس دکان میں نہ آئیں۔ سلجوک کہتے ہیں کہ ’خدا نے ہمیں ان بے زبان جانوروں کا نگراں بنایا ہے اور کوئی بھی جانور یا سردی کا مارا انسان یہاں پناہ لے سکتا ہے۔‘

اس کے علاوہ شہریوں نے جانوروں کے لئے کمبل کے ٹکڑے کارڈ بورڈ بھی رکھے ہیں تاکہ وہاں کتے آرام کرسکیں۔ ایک اور مقام پران جانوروں کے لیے کھانے کے ڈھیر لگادیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب بہت سے دکانداروں نے اپنی دکان کے باہر بھی کتوں کے لیے رہنے کی جگہ بنائی ہے۔ بعض تصاویر میں جانور بہت مسرور نظر آرہے ہیں۔