عمران خان نااہلی کیس، حنیف عباسی نے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کر دی

عمران خان نااہلی کیس، حنیف عباسی نے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کر دی

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کر دی ہے۔ حنیف عباسی نے اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہےکہ عمران خان نے عدالت کے روبرو جھوٹ بولا لہٰذا وہ آرٹیکل 62 ون ایف پر پورا نہیں اترتے۔

درخواست گزار حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین پر آف شور کمپنی چھپانے اور جائیداد کی شفاف منی ٹریل نہ ہونے کا الزام عائد کیا تھا جس پر 405 روز کے دوران 50 سماعتیں اور 101 گھنٹے عدالتی کارروائی ہوئی جب کہ عدالت نے تقریباً 7 ہزار دستاویزات کا جائزہ لیا۔

عمران خان پر نیازی سروسز لمیٹڈ نام کی آف شور کمپنی ظاہر نہ کرنے کا الزام تھا جب کہ درخواست گزار حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل کرنے کی استدعا کی تھی۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے 15 دسمبر کو عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں عدالت کے لارجر بینچ نے چیئرمین تحریک انصاف کو صادق کو اور امین قرار دیا جب کہ جہانگیر ترین کو انسائیڈ ٹریڈنگ پر تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں