وزیراعظم کو ہی وزیر اعلیٰ پنجاب بھی ہونا چاہیے تاکہ فیصلے جلدی ہوجائیں: اسلام آباد ہائیکورٹ 

وزیراعظم کو ہی وزیر اعلیٰ پنجاب بھی ہونا چاہیے تاکہ فیصلے جلدی ہوجائیں: اسلام آباد ہائیکورٹ 
سورس: File

اسلام آباد(ذیشان سید)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے کیپٹن(ر)عثمان یونس کی بطور چیف کمشنراورچیئرمین سی ڈی اے دو عہدوں پر تقرری کے خلاف درخواست میں وکلاء کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ 

سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ یہ روایت بن چکی ہے کہ ایک بندہ دو عہدے سنبھالتا ہے ۔ وزیراعظم کو پھر وزیر اعلیٰ پنجاب بھی ہونا چاہیے اس طرح فیصلے جلدی ہو جائیں گے ۔کمشنر کو اگر دوسری زمہ داری دے دیں تو وہ اس عہدے پر زیادہ توجہ نہیں دیتے ۔

ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے تبدیل ہو رہے ہیں،جو نئے چیئرمین آئیں گے وہ بھی دو عہدے سنبھالیں گے اگر چیئرمین سی ڈی اے تبدیل ہو رہے ہیں تو کیس کی سماعت تب تک ملتوی کی جائے،وفاقی حکومت نے اپنا جواب جمع کروا دیا ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل دوسری عدالت میں مصروف ہیں ۔استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کردی جائے ۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت30 جنوری تک کیلئے ملتوی کر دی۔

مصنف کے بارے میں