اسلام آباد :وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں ہندوستان کو شکست دی گئی اور افواج پاکستان نے بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سائبر وار فیئر نے بھی معرکہ حق میں کلیدی کردار ادا کیا۔
شزا فاطمہ نے انڈس اے آئی ویک پاکستان کے حوالے سے کہا کہ اس کا مقصد مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی، صلاحیت سازی، تحقیق اور عوامی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی کو عام فہم بنا کر اس کے عملی استعمال کو مختلف شعبوں میں وسعت دی جا سکتی ہے اور محض گفتگو کے بجائے عملی نفاذ کی جانب پیش رفت ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انڈس اے آئی پالیسی، صنعت اور ٹیلنٹ کو یکجا کرنے کا سبب بنے گا اور پاکستان کو عالمی سطح پر مؤثر اور معتبر شراکت دار کے طور پر اجاگر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی کے ذریعے مختلف شعبوں میں بروقت سرمایہ کاری کامیاب مستقبل کی بنیاد ہوگی اور مستقبل میں اے آئی ایک بنیادی اور ناگزیر عنصر بننے جا رہا ہے۔
شزا فاطمہ نے اعلان کیا کہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کے بڑے شہروں میں فائیو جی سروس لانچ ہو جائے گی اور کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔