Get Alerts

ردالفساد، پاک فوج نے آپریشن ’خیبرفور‘شروع کردیا

ردالفساد، پاک فوج نے آپریشن ’خیبرفور‘شروع کردیا

راولپنڈی:پاک فوج نے داعش کے خدشات سے نمٹنے اور قبائلی علاقہ جات میں مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے وادی شوال اور راجگال میں نیا آپریشن شروع کردیا جس کو ’ خیبرفور‘ کا نام دیا گیا، یہ آپریشن بھی ’ردالفساد‘ کا حصہ ہے ۔آپریشن شروع کیے جانے کا باقاعدہ اعلان پاک فوج کے ترجمان نے کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایاکہ باجوڑ، سوات اور مہمند ایجنسی کی کلیئرنس کے بعد آج صبح خیبر فورنامی زمینی آپریشن شروع کردیاگیاہے جو ممکنہ طورپر زمینی لحاظ سے کافی مشکل ہوگا، اس آپریشن کا بنیادی مقصد سرحد کے دوسری طرف بڑھتے ہوئے داعش کے خطرات سے نمٹنا اور سیکیورٹی یقینی بنانا ہے ۔

اُنہوں نے بتایاکہ اس آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کا خاتمہ کیاجائے گا، ایک ڈویژن فوج آپریشن میں حصہ لے گی اورایئرفورس سے بھی مدد لی جائے گا،اندازوں کے مطابق 500خاندان مقیم ہیں اور ان کی سیکیورٹی ہرحال میں یقینی بنائیں گے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خیبر 4 جہاں آپریشن کیا جا رہا ہے وہ علاقہ انتہائی دشوار گزارہے جب کہ آپریشن کا مقصد سرحد پار موجود داعش کو پاکستانی علاقوں میں کارروائیوں سے روکنا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن ضرب عضب 2014 میں شروع کیا گیا جس کے دوران انٹیلی جنس بنیاد پر 9 ہزار سے زائد آپریشنز کئے گئے جب کہ 46 بڑے آپریشن ہوئے جس میں کئی علاقے کلئیر کرائے گئے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت سندھ میں 522 دہشت گردوں نے ہتھیار ڈالے، کئی دہشت گردوں کو گرفتار کر کے مقدمات چلائے جا رہے ہیں جب کہ بلوچستان میں 13 بڑے آپریشن شروع کیے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی کتاب کے کچھ خاص مقاصد ہیں جو وقت گزرنے پر سامنے آجائیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کو صرف آئی ایس آئی ہی نہیں بلکہ دیگر کئی ادارے ڈیل کر رہے تھے۔ جس وقت ریمنڈ ڈیوس پاکستان سے گیا تو یہ کہا گیا کہ اسے بطور سفیر سفارتی استثنیٰ حاصل ہے لیکن جب اس نے کتاب لکھی تو بطور کنٹریکٹر کتاب لکھی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی کتابوں کے پیچھے بہت سے مقاصد کار فرما ہوتے ہیں ، اب ریمنڈ ڈیوس نے کس مقصد کیلئے کتاب لکھی ہے ، اس کے بارے میں تو میں نہیں بتا سکتا ، یہ تو وقت گزرنے کے ساتھ ہی پتا چلے گا کہ کتاب لکھنے کے کیا مقاصد تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.