ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضوں میں اضافہ ہے: عمران خان

ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضوں میں اضافہ ہے: عمران خان
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

میانوالی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضوں میں اضافہ ہے، قرض میں آج ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے،  پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں نے کرپشن کی۔
پپلاں میں جلسےسےخطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 10 سال پہلے ایک ڈالر 60 روپے کا تھا، آج مارکیٹ میں ڈالر 130 روپے تک پہنچ چکا ہے، ڈالر کی قدر میں اضافے سے ملک پر قرضے مزید بڑھ گئے ہیں، قرضے بڑھنے سے ٹیکس بڑھے گا، مہنگائی میں اضافہ ہوگا، قوم مہنگائی کے ذریعے قرض ادا کرے گی۔ ان کی کرپشن کی وجہ سے ملک بدحالی کا شکار ہوا، دونوں حکومتوں کی نااہلی نے ریکارڈ توڑ دیئے، جو پیسہ اکٹھا ہوتا ہے وہ خزانے میں نہیں جاتا، جمع ہونے والا پیسہ چوری کرلیا جاتا ہے، حکمران اور ان کے وزرا پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر لے جاتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن امیدواروں کے انتخابی اخراجات کی جانچ پڑتال کرے گا
   

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے اپنے بیٹوں کو لندن میں بٹھا دیا،  نوازشریف اور اسحاق ڈار کے بچے ارب پتی ہیں، جب بچوں کا حساب مانگا جاتا ہے تو کہا جاتا ہے وہ پاکستانی نہیں،حکمرانوں کی کرپشن کو آج عوام بھگت رہے ہیں۔خرچے پورے کرنے کیلئے قرضے لئے جا رہے ہیں، قرضے لے کر قوم غریب ہوتی جا رہی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نوازشریف کا ٹرائل جیل میں نہیں ہوناچاہیے: مشاہد حسین
   

عمران خان نے کہا کہ 10 سال پہلے آٹا 13 روپے کلو تھا آج 45 روپے کلو ہے، ن لیگ نے پاکستان کو 36 ارب روپے کا نقصان پہنچایا، یورپ میں دودھ 40 روپے کلو جبکہ پاکستان میں 100 روپے ہے۔ 25 جولائی کو عوام باہر نکلیں اور نظریئے کو ووٹ دیں، ساری دنیا میں حکومتیں کسانوں کی دیکھ بھال کرتی ہیں، پاکستان میں کسانوں کا استحصال ہوتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں