لاہور اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش

لاہور اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش
کیپشن: لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 98 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لاہور: اسلام آباد اور پنجاب سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ لاہور میں سڑکیں تالاب بن گئیں، لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور میں رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث موسم تو سہانا ہو گیا لیکن انتظامیہ کی غفلت کے باعث بارش لوگوں کیلئے زحمت بن گئی۔ کئی اہم شاہراہیں اور سرکاری عمارتیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 98 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ایئر پورٹ پر 52.6، جیل روڈ پر 58، گلبرگ میں 74، تاج پورہ میں 33، سمن آباد 69 اور جوہر ٹاؤن میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث لیسکو کا سسٹم بھی متاثر ہوا، جس سے 150 فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارش کا سلسلہ آئندہ 48 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ بالائی پنجاب، اسلام آباد، راولپنڈی، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں مزید بادل برسیں گے۔