Get Alerts

برطانیہ نے پاکستانی ائیر لائنز پر عائد طویل پابندی ختم کر دی

برطانیہ نے پاکستانی ائیر لائنز پر عائد طویل پابندی ختم کر دی

اسلام آباد  :  برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ائیر لائنز پر عائد طویل عرصے سے قائم پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد اب پاکستانی ائیر لائنز برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پاکستانی ائیر لائنز کو پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کے لیے یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی (UK CAA) سے منظوری لینا ہوگی۔ ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ سیفٹی لسٹ سے اخراج ایک آزاد، شفاف اور تکنیکی عمل کے تحت ممکن ہوا ہے۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "میں پاکستانی ائیر لائن سے سفر کی منتظر ہوں۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں میں بہتری سے خاندانوں کو آپس میں جُڑنے کا موقع ملے گا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔"

یاد رہے کہ مئی 2020 میں کراچی میں پی آئی اے کے ایک طیارے کے المناک حادثے کے بعد اُس وقت کے وزیر ہوا بازی نے پارلیمنٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ملک کے تقریباً ایک تہائی کمرشل پائلٹس کے پاس جعلی یا مشکوک لائسنس ہیں۔ اس بیان کے بعد جون 2020 میں یورپی یونین اور برطانیہ نے پاکستانی ائیر لائنز کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری اصلاحاتی کوششوں اور بین الاقوامی تقاضوں پر پورا اترنے کے بعد نومبر 2023 میں یورپی یونین نے پابندی ختم کی تھی، اور اب جولائی 2025 میں برطانیہ نے بھی یہ اہم قدم اٹھایا ہے۔

ٹیگز: