Get Alerts

ہر دو ماہ بعد کارکنوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

ہر دو ماہ بعد کارکنوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد :  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ہر رکن کی کارکردگی کا ہر دو ماہ بعد تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اچھی کارکردگی پر وزراء کو شاباش دی جائے گی جبکہ کوتاہی کی صورت میں اصلاحی اقدامات کے ساتھ ساتھ تادیبی کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی کو جھوٹا تاثر پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت کی اولین ترجیح صرف کارکردگی اور عوامی خدمت ہے۔ "جو معیار پر پورا اترے گا وہ ہمارے سروں کا تاج ہو گا اور جو نہیں اترے گا اسے احساس دلایا جائے گا"، وزیراعظم کا دوٹوک اعلان۔

محرم الحرام کے پُرامن انعقاد پر تعریف
شہباز شریف نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد پر قوم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے موقع پر بین الصوبائی ہم آہنگی، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون اور قومی اتحاد کی بدولت ایک مثبت فضا قائم ہوئی۔

حالیہ بارشوں پر تشویش، سوات واقع "دلخراش" قرار
وزیراعظم نے حالیہ بارشوں کے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوات میں پیش آنے والے واقعے کو "انتہائی دلخراش" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے ایک مؤثر ادارہ بن چکا ہے لیکن صوبوں کو بروقت ہدایات دیے جانے کے باوجود قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ "ہمیں اس واقعے سے سبق سیکھنا ہوگا اور آئندہ کے لیے مکمل تیاری کرنی ہوگی،" انہوں نے کہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچا ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بہتری کو حکومت کی مربوط معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی اخراجات کا بجٹ 10 کھرب روپے سے بڑھ گیا ہے، جو حیران کن اور قابلِ ستائش ہے۔

ٹیگز: