Get Alerts

اسحاق ڈار کا دورہ چین، مصنوعی ذہانت اور دوطرفہ تعاون پر اہم ملاقاتیں متوقع

اسحاق ڈار کا دورہ چین، مصنوعی ذہانت اور دوطرفہ تعاون پر اہم ملاقاتیں متوقع

شنگھائی : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کے شہر شنگھائی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ دو روزہ سرکاری دورے کے دوران اہم تقریبات میں شرکت کریں گے۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام سے متعلق معاہدے کی دستخطی تقریب میں شریک ہوں گے۔ پاکستان اس تنظیم کے بانی رکن کی حیثیت سے معاہدے پر دستخط کرے گا، جس کی نمائندگی نائب وزیراعظم کریں گے۔

اسحاق ڈار کل 2026 ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے حکومتی نمائندگان، ٹیکنالوجی ماہرین اور مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ شخصیات شرکت کر رہی ہیں، جہاں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت کے مستقبل اور عالمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دورے کے دوران نائب وزیراعظم مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت متوقع ہے۔

شنگھائی ایئرپورٹ پہنچنے پر اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا استقبال شنگھائی میونسپل پارٹی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور نائب میئر وو وے نے کیا۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کے ناظم الامور اعزاز خان اور شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل شہزاد احمد خان بھی موجود تھے۔

اسحاق ڈار کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون، بالخصوص مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
 

ٹیگز: