Get Alerts

جنگ جاری رہی تو مذاکرات نہیں ہوں گے، قطر و عمان کو آگاہ کر دیا، ایران کا واضح مؤقف

جنگ جاری رہی تو مذاکرات نہیں ہوں گے، قطر و عمان کو آگاہ کر دیا، ایران کا واضح مؤقف

تہران :ایران نے قطر اور عمان کو صاف الفاظ میں آگاہ کر دیا ہے کہ جب تک اسرائیلی حملے جاری ہیں، تہران کسی بھی قسم کے مذاکرات پر آمادہ نہیں ہوگا۔ ایرانی اعلیٰ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ ایران حالتِ جنگ میں بات چیت نہیں کرے گا، اور کسی بھی مذاکرات کی بحالی اسرائیل کو مکمل جواب دیے جانے کے بعد ہی ممکن ہو گی۔

ایرانی عہدیدار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تہران نے ثالثی کا کردار ادا کرنے والے قطر اور عمان سے کہا ہے کہ اگر وہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو امریکا سے جنگ بندی کے لیے بات کریں، ایران اس وقت کسی ثالثی عمل کا حصہ نہیں بنے گا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے قطری و عمانی حکام کو یہ بھی واضح کیا ہے کہ بعض رپورٹس میں یہ تاثر غلط دیا جا رہا ہے کہ ایران نے خود مذاکرات یا جنگ بندی کے لیے ثالثوں سے درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے جمعے کی صبح ایران پر اچانک حملہ کیا تھا، جس میں ایرانی فوج کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا گیا اور جوہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ ایران نے اس حملے کو جنگ کا اعلان قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ "جہنم کے دروازے" کھول دے گا۔

قطر اور عمان ماضی میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کئی بار ثالثی کر چکے ہیں۔ عمان نے حالیہ مہینوں میں ایران اور امریکا کے درمیان جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے کوششیں کیں، لیکن اسرائیلی حملوں کے بعد یہ بات چیت منسوخ کر دی گئی۔ قطر نے بھی 2023 میں ایران اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ٹیگز: