تہران/تل ابیب : ایران نے اسرائیل کی جارحیت کے جواب میں چوتھے روز بھی ’آپریشن وعدہ صادق 3‘ کے تحت مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر جدید بیلسٹک میزائل داغ دیے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ میزائل شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں کی جانب بڑھ رہے ہیں جس پر حیفہ اور دیگر شہروں میں سائرن بجا کر شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ میزائل حملے کو ناکام بنانے کے لیے دفاعی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ میڈیکل ٹیمیں ہنگامی حالات کے لیے تیار ہیں۔
ایران کی قومی سلامتی کی سپریم کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ’آج کی رات کو دن کے منظر میں بدل دیا جائے گا‘۔ مہر نیوز کے مطابق اسرائیل کی بلا اشتعال جارحیت پر تہران نے ایرانی قوم اور ملک کی سلامتی کے دفاع کے لیے جوابی کارروائی کی ہے۔
گزشتہ تین روز میں ایران کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں 24 یہودی شہری ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ایران کی جانب سے جاری کیے گئے بیانات میں کہا گیا ہے کہ یہ میزائل حملے اسرائیل کی روز افزوں جارحیت کا بھرپور جواب ہیں۔