پی ایس ایل فائیو اختتامی مرحلے میں داخل، سیمی فائنلز کل کھیلے جائیں گے

 پی ایس ایل فائیو اختتامی مرحلے میں داخل، سیمی فائنلز کل کھیلے جائیں گے

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری پانچویں پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنلز  کل قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے جس کے مطابق کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانزکی ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔لیگ کا پہلا سیمی فائنل میچ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمون کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یہ میچ دوپہر دو بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا یہ میچ رات سات بجے شروع ہوگا۔ دونوں سیمی فائنلز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خطرے کے باعث سیمی فائنل اور فائنل میچز بغیر تماشائیوں کے کھیلے جائیںگے۔سیمی فائنلز اور فائنل میچ بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ءکا میلہ ملک بھر میں زور و شور سے جاری ہے اور اب اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جس میں شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ آخری پلے آف میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کرینگے، لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کرینگے، پشاور زلمی وہاب ریاض کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ ملتان سلطانزکی قیادت شاب مسعود کو سونپی گئی ہے۔ چاروں ٹیموں کے کپتانوں نے سیمی فائنل راﺅنڈ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں۔ اس اعتبار سے سیمی فائنل مرحلے میں کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔

لیگ میں 6 ٹیموں نے شرکت کی جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل تھیں جن میں سے کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں جن کے درمیان سیمی فائنلز کل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

لیگ میں اب فائنل سمیت 33 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کے میچز راولپنڈی، ملتان ، لاہور اور کراچی میں کھیلے گئے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ پہلے 22مارچ کو کھیلا جانا تھا تاہم اب کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خطرے کے پش نظر اب 18 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔