واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے تیسرے ہفتے میں امریکی افواج نے ایرانی دفاعی اور عسکری نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے بعد ایرانی حملوں کی صلاحیت میں 90 فیصد تک کمی آچکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران جنگی پیش رفت کی اہم تفصیلات بتاتے ہوئے کہاایران کے اندر 7 ہزار سے زائد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی افواج نے کارروائی کرتے ہوئے ایران کے 100 سے زائد بحری جہاز غرق کر دیے ہیں۔ ایران کا ریڈار سسٹم مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور ان کے ڈرون و میزائل بنانے کی طاقت کو تیزی سے تباہ کیا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ہم نے حملوں میں ایرانی قیادت کا خاتمہ کر دیا ہے اور طاقتور امریکی فوج نے ایرانی رجیم کو ختم کر دیا ہے۔آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہاجو ممالک آبنائے ہرمز کے راستے تیل حاصل کرتے ہیں، اب انہیں خود آگے آنا ہوگا۔
ایران کی مائنز بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے، تاہم آبنائے ہرمز میں اس وقت مزید بارودی سرنگیں موجود ہیں یا نہیں، اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔صدر ٹرمپ نے مختلف ممالک پر زور دیا کہ وہ پورے جذبے کے ساتھ اور جلد از جلد امریکہ کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ اب تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے اور امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایرانی رجیم اب اپنے دفاع کی سکت بھی کھو چکی ہے۔