واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر مبینہ ایرانی حملے کے بعد امریکا نے ایران کے اندر متعدد فوجی اہداف پر فضائی کارروائی کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ روز ایک تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد امریکی افواج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران کے اندر کئی فوجی تنصیبات کو کامیابی سے ہدف بنایا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بین الاقوامی بحری راستوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اپنے مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 47 برسوں میں کوئی بھی امریکی صدر وہ اقدامات نہیں کر سکا جو انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں کیے ہیں۔ انہوں نے اپنی خارجہ اور دفاعی پالیسی کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں اور عالمی تجارت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔