پرتگال : پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ فوربز کی تازہ ترین فہرست کے مطابق، رونالڈو مسلسل تیسری مرتبہ دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔
رونالڈو کی سالانہ کمائی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اور اس وقت ان کی مجموعی آمدنی 275 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 160 ملین ڈالر کھیل کے معاہدوں سے حاصل ہوئے ہیں، جبکہ 115 ملین ڈالر اشتہارات، اسپانسرشپ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں سے کمائے گئے ہیں۔
رونالڈو کی کمائی میں سعودی کلب النصر کے ساتھ معاہدہ اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس سے نہ صرف ان کی فٹبال کی کمائی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ان کی کاروباری سرگرمیاں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ فوربز کی فہرست میں اس سال اسٹیفن کری (باسکٹ بال کھلاڑی) 156 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے، اور ٹائسن فیوری (باکسر) کاتیسرا نمبرہے
لیونل میسی جو گزشتہ برسوں تک اس فہرست میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹ رہے تھے، اب پانچویں نمبر پر ہیں۔
رونالڈو کی کامیابی نہ صرف ان کی فٹبال کی صلاحیتوں کا نتیجہ ہے بلکہ ان کی کاروباری حکمت عملی، سوشل میڈیا پر موجودگی اور اشتہارات کے معاہدوں کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔