Get Alerts

پاکستان امن چاہتا ہے ،بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کرتے ہیں : وزیراعظم

پاکستان امن چاہتا ہے ،بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کرتے ہیں : وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں یومِ تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے چھ جنگی طیارے مار گرائے اور دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے رافیل طیارے کو "فیل" کر کے ہماری بہادر افواج نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تمام سروس چیفس، اعلیٰ عسکری اور سول حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا:"وطن عزیز پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اللہ کے فضل، قوم کی دعاؤں، اور ہماری افواج کے جذبے سے آج ہم سرخرو ہیں۔"



وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بیلسٹک میزائل فائر کیے، جس کے بعد عسکری قیادت کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ دشمن کو ایسا جواب دیا جائے جو وہ ہمیشہ یاد رکھے۔


انہوں نے کہا:"10 مئی کی صبح پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور چند گھنٹوں میں پورا منظرنامہ تبدیل ہو گیا۔"

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن اور خطے میں استحکام کا خواہاں ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے کہا:"بات چیت کے ذریعے ہی تمام مسائل کا حل ممکن ہے، اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔"

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ"ہم کشیدہ صورتحال میں دوست ممالک کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔ امریکی صدر نے امن کیلئے قائدانہ کردار ادا کیا۔"

وزیراعظم نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا کہ"یہ ملک لاکھوں قربانیوں سے حاصل کیا گیا، ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر چلتے ہوئے قومی وحدت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ اور باوقار قوم بنانے کیلئے ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔"

ٹیگز: