کراچی :پاکستان کی کاروباری برادری نے ترکیہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ’سپورٹ ترکیہ‘ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ اعلان فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے قائم مقام صدر نے جمعے کے روز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ:"پاکستانی تاجر برادری ترکیہ سے معمول سے ہٹ کر تعاون کرے گی، اور خام مال و دیگر اشیاء کی درآمد میں فوری اضافہ کیا جائے گا۔"
واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے بعد، بھارت میں ترکیہ کے خلاف منفی مہم زور پکڑ گئی ہے۔
بھارتی حکومت نے ترکیہ کی ایئرپورٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی "جلیبی ایئرپورٹ سروسز" کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی ہے، جس کی وجہ "قومی سلامتی" کے تحفظات کو بتایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے شہر کے تاجر ترک مصنوعات، بالخصوص ترک سیب کا بائیکاٹ کر رہے ہیں، اور مقامی منڈیوں میں ان کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے مطابق:"ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اور اب ہماری باری ہے کہ ہم بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کریں۔"
کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ ترکیہ سے درآمدات بڑھا کر ایک مثبت پیغام دیا جائے گا کہ سیاسی وابستگی اور بھائی چارہ تجارتی مفادات سے بڑھ کر ہے۔