ملزمہ نواب ٹاؤن میں 5 مرلے کے مکان میں روپوش تھی، حساس اداروں نے گرفتار کر کے کراچی پولیس کے حوالے کیا، گھر کی تصاویر بھی حاصل
لاہور :کراچی منشیات برآمدگی کیس کی مرکزی ملزمہ اور مبینہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کے حوالے سے سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں نیو نیوز ملزمہ کا لاہور میں روپوش رہنے کا خفیہ گھر اور اس کی دستاویزات سامنے لے آیا ہے۔
نمائندہ خصوصی نیونیوز لاہور محمد بلال ندیم کے مطابق ہائی پروفائل ملزمہ انمول عرف پنکی لاہور کے پوش علاقے نواب ٹاؤن میں ایک کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھی۔ نیو نیوز نے ملزمہ کے زیرِ استعمال رہنے والے اس گھر کا اصل کرایہ نامہ حاصل کر لیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق، ملزمہ نے یہ 5 مرلے کا مکان ایک مقامی شہری جہانزیب اشرف سے کرائے پر حاصل کیا تھا، جس کا باقاعدہ معاہدہ 300 روپے والے اشٹام پیپر پر 11 ماہ کے لیے کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اداروں نے خفیہ معلومات پر نواب ٹاؤن میں واقع اسی گھر پر چھاپہ مار کر ملزمہ انمول عرف پنکی کو حراست میں لیا تھا، جسے بعد ازاں مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے کراچی پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔ نیو نیوز نے اس خفیہ ٹھکانے کی خصوصی تصاویر بھی حاصل کر لی ہیں، جن کی مدد سے پولیس اور تفتیشی ادارے ملزمہ کے نیٹ ورک کا مزید سراغ لگا رہے ہیں۔