کابل میں خودکش حملے میں دوسیکیورٹی اہلکاروں سمیت 4افراد ہلاک

کابل میں خودکش حملے میں دوسیکیورٹی اہلکاروں سمیت 4افراد ہلاک

کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے میں دوسیکیورٹی اہلکاروں سمیت 4افراد ہلاک اور11زخمی ہوگئے،ننگرہار میں ایک فضائی حملے میں کمانڈر سمیت تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے،سرائے پل میں تشدد کے واقعات میں 9طالبان،دو پولیس اورایک آرمی اہلکار ہلاک ہوگیا۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل میں وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایاکہ گزشتہ روز دارالحکومت کے مرکزی علاقہ میں ایک خودکش حملہ اور نے سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں 4افراد ہلاک اور11زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ خودکش حملہ اور پیدل تھا اورمرنے والوں میں دو سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ایک اورسیکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ جس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا وہ وی آئی پی پروٹوکول میں شامل تھی۔صوبہ ننگرہار میں ایک فضائی حملے میں کمانڈر سمیت تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق فضائی حملہ غنی خیل ضلع میں کیا گیا۔صوبہ سرائے پل میں تشدد کے واقعات میں 9طالبان،دو پولیس اورایک آرمی اہلکار ہلاک ہوگیا۔صوبہ نیمروز میں مسلح افراد نے امام مسجد کو قتل کردیا۔