Get Alerts

کین کمشنر پنجاب کا کرشنگ نہ شروع کرنے والی ملوں کے خلاف ایکشن کا اعلان

کین کمشنر پنجاب کا کرشنگ نہ شروع کرنے والی ملوں کے خلاف ایکشن کا اعلان

لاہور: پنجاب کے کین کمشنر نے اعلان کیا ہے کہ وہ کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف آج سے کارروائی کا آغاز کریں گے۔ حکومتی ہدایت کے باوجود پنجاب کی بیشتر شوگر ملوں نے کرشنگ شروع نہیں کی، جس سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے شوگر ملوں کو 15 نومبر تک کرشنگ شروع کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی، تاہم اس کے باوجود پنجاب کی 41 شوگر ملوں میں سے صرف 5 ملوں نے کرشنگ کا آغاز کیا۔ کین کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ آج سے ان ملوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی جائے گی جو حکومتی ہدایت کے باوجود کرشنگ میں تاخیر کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت حکومت کی ڈیڈ لائن پر صرف شریف فیملی کی شوگر ملوں نے کرشنگ شروع کی ہے، جب کہ باقی ملوں کی جانب سے تاخیر کی جا رہی ہے۔ اس سے چینی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خطرہ ہے۔

کسان اتحاد کے چیئرمین خالد باٹھ نے الزام عائد کیا ہے کہ شوگر مل مالکان کرشنگ میں تاخیر کر کے گنا سستے داموں خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے کسانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

اس وقت ملک بھر میں چینی کی قیمت 200 سے 229 روپے فی کلو کے درمیان ہے، جو کہ عوام کے لیے ایک بڑی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

ٹیگز: